الصلوۃ والسلام علیک یارسول اللہ

 السلام علیکم 

دوستو ! ہم اس بلاگ کو بنانے کا مقصد فتاویٰ اہل سنت کو یونیکوڈ میں پیش کرنا ہے۔ خصوصاً فتاویٰ رضویہ مکمل ایک جگہ پر دستیاب کروائی جائے گی۔

فتاویٰ رضویہ

فتاویٰ رضویہ کا تعارف:

فتاویٰ رضویہ فقہ حنفی کے مطابق اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ کے جاری کردہ ہزاروں فتاوی جات کا مجموعہ ہے۔ اس علمی ذخیرے کو فقہ حنفی کا انسائیکلوپیڈیا کہا جاتا ہے۔ اس کا پورا نام ’’العطایا النبویہ فی الفتاوی الرضویہ‘‘ ہے جسے مختصر طور پر فتاویٰ رضویہ کہا جاتا ہے۔ تخریج شدہ تینتیس جلدوں جن میں کل 6847 سوالات کے جوابات ہیں اور احمد رضا خان کے 206 رسائل بھی اس میں شامل ہیں۔فتوی کی ترتیب سب سے پہلے قرآنی آیات اس کے بعد احادیث کا حوالہ آتا ہے۔فقہا احناف کی کتابوں کے حوالے کثرت سے دیتے ہیں، صرف حوالہ ہی نہیں دیتے بلکہ نئے نکات کا اضافہ کرتے ہیں۔فتوی دیتے وقت اپنے و بیگانہ کی تمیز نہیں کرتے، بلکہ جو تحقیق سے حاصل ہو وہی بیان کرتے ہیں۔ایک ہی مسئلہ پر کثرت سے حوالے دیتے ہیں جو بعض اوقات سو سے اوپر چلے جاتے ہیں۔



فتاویٰ رضویہ کی خصوصیات:

مذکورہ خوبیوں کے علاوہ فتاویٰ رضویہ کی مندرجہ ذیل خصوصیات بھی ہیں : 

٭ فتاویٰ رضویہ میں علم حدیث و علم فقہ کی کتب کا بھر پورعلم موجود ہے۔ 

٭ فتاویٰ رضویہ میں نادرونایاب حوالوں کابھی جگہ بہ جگہ ذکرکیا گیاہے۔

٭ فتاویٰ رضویہ میں قرآن وحدیث کی روشنی میں نت نئے مسائل حل کیے گئے ہیں۔ 

 ٭ فن ریاضی اورعلم توقیت کے ساتھ ساتھ علم میراث کے متعلق بھی نادرو نایاب تحقیق موجودہے۔

٭ ہر مسئلے میں قرآن وسنت کی پیروی کا اہتمام کیا گیاہے۔

٭ بدعات ومنکرات کا ایمان افروز ردکیاگیاہے۔

٭ اس کے علاوہ سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ بڑے بڑے مفتیان کرام کو فقہی مسائل کے معاملے میں وقتاًفوقتاًفتاویٰ رضویہ کی ضرورت پڑتی ہے۔بہت سے مفتیان کرام فتویٰ دینے کے معاملے میں خاص طور پر فتاویٰ رضویہ سے مددلیتے ہیں اور ان شَاء اللہ عَزَّوَجَل آئندہ بھی لیتے رہیں گے۔ 


بلاگ کا مقصد:

اس بلاگ کو بنانے کے دو مقاصد ہیں۔ 

اول یہ کہ فتاویٰ رضویہ کے مسائل کو سوال وجواب کی شکل میں عام کرنا تاکہ عام قارئین بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔

دوسرا مقصد یہ ہے کہ سرچ انجن میں اہلسنّت و جماعت کے عقائد ، معمولات ، مسائل اور فتاویٰ کو شامل کیا جائے۔

دیکھا جائے تو انٹرنیٹ کی دنیا گوگل سرچ برائوزرکے بغیر ویران ہے۔ایک عام قاری جب گوگل پراپنے کسی شرعی مسئلے کو تلاش کرتا ہے تو اسے پی ڈی ایف فائل کی شکل میں بڑی بڑی کتب اور دیگر مسلک کے فتاویٰ سر فہرست نظر آتے ہیں، ایسے میں ایک عام قاری محض ایک مسئلے کے حل کے لیے مکمل کتاب کا مطالعہ نہیں کرتا ہے دوسرے یہ کہ دیگر مسلک کے فتوئوں کے سبب اسے خاطر خواہ اور اطمینان بخش جواب نہیں مل پاتا ہے جس کے سبب قاری تذبذب اور کشمکش کا شکار ہوجاتا ہے ۔ مذکورہ مسائل کے سد باب کے لیے وَفا سوفٹ کی پوری ٹیم نے فتاویٰ رضویہ ، بہار شریعت اور دیگر فتاویٰ کو سوال و جواب کی شکل میں اس بلاگ پر نشر کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ اب عام قاری کی رسائی بھی بآسانی فتاویٰ رضویہ اور دیگر کتب سے ہو جائے گی ۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ اس کارِ خیر میں کامیابی عطا فرمائے۔ 


وفا سوفٹ کا مقصد اسلامی معلومات و معمولات کا فروغ ہے۔